ممبئی، 3/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پونے ضلع کے باکڑ علاقے میں بی جے پی کے ممبر اسمبلی سنجیو ریڈی کی بیٹی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے طالب علم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق،یوت مال میں واقع ونی اسمبلی حلقہ کے ممبر اسمبلی سنجیو ریڈی کی بیٹی اشونی بالاجی کالج کی طالبہ ہے، اسی کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے ہریانہ کے طالب علم راجیش بخشی نے پیر کو اشونی پر استرے سے جان لیوا حملہ کر دیا۔اس حملے میں اشونی کی انگلی کٹ گئی ہے اور اس کا علاج مقامی اسپتا ل میں چل رہا ہے۔پولیس کے مطابق، اشونی پر حملہ یکطرفہ محبت کی وجہ سے ہوا ہے اور معاملے کی باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے۔